16-10-2017

خیبر پختونخوا جوڈیشل اکیڈمی پشاور میں پروبیشن ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججوں اور حال ہی میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز کے عہدوں پر ترقی پانے والے ججز کےلئے خصوصی کورس کا آغاز ہو گیا ہے ۔

دو ہفتوں پر محیط خصوصی کورس میں حال ہی میں بھرتی ہونے والے نو جبکہ  حال ہی میں ترقی پانے والے بارہ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز /اضافی ضلع قاضی شریک ہیں۔

کورس کی افتتاحی تقریب میں ڈی جی جوڈیشل اکیڈمی محمد مسعود خان ، سینئر ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن محمدآصف خان ، ڈین فیکلٹی خواجہ وجہہ الدین سمیت دیگر افسران نے شرکت کی جس سے اپنے خطاب میں ڈی جی جوڈیشل اکیڈمی نے شرکاء کو جوڈیشل اکیڈ٘می آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے کورس کے اغراض و مقاصد بیان کیں۔

ڈی جی جوڈیشل اکیڈمی نے کہا کہ اس تربیتی کورس کو پریکٹیکل بنایا گیا ہے اور امید ہے کہ دو ہفتوں پر محیط اس تربیتی کورس سے نہ صرف شرکاء کے پیشہ وارانہ صلاحیتوں میں اضافہ ہوگا بلکہ نظام انصاف میں فوری اور سستے انصاف کی فراہمی میں بھی مددگار ثابت ہوگا۔

بعد میں تربیتی پروگرام کے پہلے دن ڈین فیکلٹی خواجہ وجہہ الدین نے جوڈیشل کنڈکٹ اینڈ ایتھیکل ایشوز کے موضوع ، ڈائریکٹر جنرل جوڈیشل اکیڈمی محمد مسعود خان نے “رویئے” جبکہ ریسورس پرسن فاروق خان نے کیس لاء سرچ کے موضوع پر لیکچرز دیئے ۔