10-05-2017

سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں پشاور تعلیمی بورڈ نے تمام نجی سکولز مالکان سے ان کے متعلقہ سکولوں میں اساتذہ کو پندرہ ہزار روپے فی کس ماہانہ تنخواہ دینے کا حلف نامہ طلب کرلیا ہے ۔

رپورٹس کے مطابق یہ احکامات وفاقی اور صوبائی سطح پر مزدور کی اجرت کم سے کم پندرہ ہزار روپے ماہوار مقرر کرنے کے باوجود نجی سکولوں میں پانچ سے آٹھ ہزار روپے تنخواہیں دینے والے اساتذہ کی شکایات کی روشنی میں جاری کئے گئے تھے اس طرح اب صوبائی سطح پر بھی ماتحت عدالتوں میں ان احکامات پر عمل درآمد یقنی بنانے کا نوٹس لے کر تعلیمی بورڈز کو احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں ۔

ان احکامات کی روشنی میں پشاور تعلیمی بورڈ نے پشاور ، چارسدہ ، خیبر ایجنسی ، ایف آر پشاور اور چترال میں قائم تمام نجی سکولز مالکان سے یہ حلفیہ بیان طلب کیا ہے جس میں سکولز مالکان یہ بیان ریکارڈ کرائیں گے کہ ان کے سکولوں میں اساتذہ کو کم سے کم پندرہ ہزار روپے فی کس ماہانہ تنخواہ دی جاتی ہے ۔