28-03-2017

پشاو ر ہائی کورٹ  کے تین نئے ایڈیشنل ججوں نے اپنے عہدوں کا حلف اٹھا لیا ہے ۔

چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ جسٹس یحیی آفریدی نے تین نئے ایڈیشنل ججوں جسٹس عبدالشکور ، جسٹس اعجاز انور اور جسٹس سید عتیق شاہ سے حلف کیا ۔

تقریب حلف برداری پشاور ہائی کورٹ کے کورٹ روم نمبر ایک میں منعقد ہوئی جس میں پشاور ہائی کورٹ کےجج صاحبان ، رجسٹرار اور انتظامی افسروں ، ایڈوکیٹ جنرل اور اٹارنی جنرل آفس کے لاء افسروں ، خیبر بار کونسل ، پشاور ہائی کورٹ اور ڈسٹرکٹ پشاور بار ایسوسی ایشن کے کابینہ ارکین اور سینئر وکلاء کی بڑی تعدادنے شرکت کی ۔ تقریب حلف برداری میں رجسٹرار پشاور ہائی کورٹ محمد سلیم خان نے جسٹس عبدالشکور ، جسٹس اعجاز انور اور جسٹس سید عتیق شاہ کا تقررنامہ پڑھ کر سنایا جس کے بعد چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ جسٹس یحیی آفریدی نے نئے ایڈیشنل ججوں سے ان کے عہدوں کا حلف لیا۔

واضح رہے کہ ان تین ایڈیشنل ججوں کے ساتھ ہی پشاورہائی کورٹ میں ججوں کی مجموعی تعداد سترہ  ہو گئی ہے جبکہ مقررہ تعداد  بیس میں اب بھی  تین  ججوں کی آسامیاں خالی ہیں۔

پشاور ہائی کورٹ کے موجودہ ججوں میں چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ جسٹس یحیی آفریدی ، سینئرترین جج جسٹس وقار احمد سیٹھ ، جصٹس قیصر رشید خان ، جسٹس روح الاآمین خان ، جسٹس سید افسر شاہ ، جسٹس اکرام اللہ خان، جسٹس مسرت ہلالی ، جسٹس لعل جان خٹک ، جسٹس محمد یونس تہیم ، جسٹس قلندرعلی خان ، جسٹس محمد غضنفر خان ، جسٹس محمد ابراہیم خان ، جسٹس اشتیاق ابراہیم ، جسٹس محمد ایوب خان ، جسٹس عبد الشکور، جسٹس اعجاز انوراور جسٹس سید عتیق شاہ  شامل ہیں ۔