16-06-2017

پشاور ہائی کورٹ کے تین ایڈیشنل ججز نے اپنے عہدوں کا حلف اٹھالیا ہے ۔

چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ جسٹس یحیی  آفریدی نے حال ہی میں مقرر ہونے والے تین ایڈیشنل ججز سے حلف لیا ۔ تقریب حلف برداری کورٹ نمبر ایک میں منعقد ہوئی جس میں پشاور ہائی کورٹ کے ججز صاحبان ،  سینئر وکلاء اور ایڈوکیٹ جنرل آفس سمیت اٹارنی جنرل آفس کے لاء آفیسرز نے شرکت کی ۔ حلف لینے والے تین ایڈیشنل ججز میں جسٹس ارشد علی ، جسٹس محمدمحفوظ  اور جسٹس شکیل احمد شامل ہیں ۔یاد رہے کہ اعلی عدلیہ میں ججز کی تقرری کےلئے قائم پارلیمانی کمیٹی نے چھ جون کو ان ناموں کی منظوری دے کر سمری وزیر اعظم کے توسط سے صدر مملکت کو بھجوائی تھی جس کی منظوری صدر مملکت نے دے دی جس کے بعد وزارت قانون وانصاف نے ان کی تقرری کا نوٹی فیکیشن جاری کیا ۔

پشاور ہائی کورٹ میں ان تین ایڈیشنل ججز کی تقرری کے بعد ججز کی تعداد بیس ہو گئی ہے جن میں چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ جسٹس یحیی آفریدی سمیت چودہ مستقل ججز جبکہ چھ ایڈیشنل ججز شامل ہیں ۔