24-05-2017

جوڈیشل کمیشن پاکستان نے پشاور ہائی کورٹ کے تین ایڈیشنل ججوں تقرری کےلئے تین ناموں کی منظوری دے دی ہے ۔

ترجمان جوڈیشل کمیشن پاکستان کے مطابق جوڈیشل کمیشن پاکستان کا اجلاس چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں منعقد ہوا جس میں پشاور ہائی کورٹ کے تین ایڈیشنل ججوں کی تقرری کامعاملہ زیر غور آیا ۔ کمیشن کے اجلاس میں چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ جسٹس یحیی آفریدی سمیت دیگر صوبوں کے ہائی کورٹ کے چیف جسٹس صاحبان اور دیگر ارکان کمیشن نے شرکت کی ۔

کمیشن نے پشاور ہائی کورٹ کے تین ایڈیشنل ججوں کی نامزدگی کی منظوری دی جن میں محمد ارشد علی ، شکیل احمد اور ناصر محفوظ شامل ہیں۔ ان ایڈیشنل ججز کی تقرری ایک سال کےلئے کی گئی ہے ۔واضح رہے کہ اس وقت پشاور ہائی کورٹ میں سترہ ججز خدمات سرانجام دے رہے ہیں تاہم  ان تین ایڈیشنل ججوں کی تقرری کے بعد پشاور ہائی کورٹ میں مقررہ ججوں کی تعداد بیس مکمل ہوجائے گی ۔