01-02-2017

پشاور ہائی کورٹ کے جسٹس نثار حسین مدت ملازمت پوری ہونے پر سبکدوش ہو گئے ہیں ۔سبکدوش ہونے والے جسٹس نثارحسین کے اعزاز میں پشاور ہائی کورٹ کی جانب سے فل کورٹ ریفرنس جبکہ خیبر پختونخوابارکونسل نے الوداعی تقریب منعقد کی ۔

چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ جسٹس یحیی آفریدی کی سربراہی میں پشاور ہائی کورٹ کے ججز پر مشتمل فل کورٹ ریفرنس میں تمام ججز نے شرکت کی اس موقع پر چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ نے جسٹس نثارحسین کی عدلیہ کے لئے دی گئی خدمات کو سراہا اور انہیں خراج تحسین پیش کیا ۔ بعد میں جسٹس نثار حسین کو خیبر پختونخوا بار کونسل کی جانب سے دی گئی الوداعی تقریب میں چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ سمیت ہائی کورٹ کے ججز اور ایڈوکیٹ جنرل خیبر پختونخوا ، ہائی کورٹ بار اور ڈسٹرکٹ پشاور بار کے صدور، خیبر پختونخوا بار کونسل کے چیئرمین و ارکان  اور دیگر سینئر وکلاء  نے شرکت کی ۔ خیبر پختونخوا بار کونسل کی جانب سے ہائی کورٹ کے جج صاحبان کو چادریں بھی پہنائیں ۔تقریب میں جسٹس نثار حسین کی خدمات پر ان کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔

واضح رہے کہ جسٹس نثارحسین کی ریٹائرمنٹ کے بعد پشاور ہائی کورٹ میں ججوں کی تعداد چودہ رہ گئی ہے جبکہ پشاور ہائی کورٹ میں خالی نشستوں کی تعداد چھ ہو گئی ہے جبکہ ائینی تعداد بیس ہے۔ جسٹس نثار حسین کی ریٹائرمنٹ کے بعد موجودہ چودہ ججز میں چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ جسٹس یحیی آفریدی ، جسٹس وقار احمد سیٹھ ، جسٹس قیصر رشید ، جسٹس روح الاآمین خان ، جسٹس سید افسر شاہ ، جسٹس اکرام اللہ خان ، جسٹس مسرت ہلالی ، جسٹس لعل جان خٹک ، جسٹس محمد یونس تہیم ، جسٹس قلندر علی خان ، جسٹس محمد غضنفر خان ، جسٹس محمد ابراہیم خان ، جسٹس اشیتاق ابراہیم اور جسٹس ایوب خان شامل ہیں ۔