04-08-2017

لاہور ہائی کورٹ کے تین رکنی بینچ نے پرائیویٹ کالجز میں 5 سالہ ایل ایل بی پروگرام ختم کرنے کا عبوری حکم جاری کردیا ہے۔
چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ  جسٹس سید منصور علی شاہ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے دائر رٹ درخواست کی سماعت کی۔ درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ پرائیویٹ کالجز نے غیر قانونی طور پر ایل ایل بی کا پانچ سالہ پروگرام شروع کیا ہے جسے بند کرنے کا حکم دیا جائے۔
عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد پرائیویٹ کالجز میں پانچ سالہ ایل ایل بی پروگرام بند کرنے کا عبوری حکم جاری کردیا۔ عدالت نے حکم دیا ہے کہ جو طلبہ پہلے سے پانچ سالہ پروگرام میں شریک ہیں وہ اپنا کورس پورا کریں گے جبکہ نئے طلبہ کو تین سالہ ایل ایل بی پروگرام میں داخلہ دیا جائے گا۔ عدالت نے سرکاری کالجز میں شام کی کلاسز بحال کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔