27-02-2017

پولیو کے خاتمے کے لیے آج سے پشاور سمیت ملک بھر میں 3 روزہ ویکسی نیشن مہم شروع ہوگئی ہے۔ ہزاروں ٹیمیں لاکھوں بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائیں گی۔

پشاور سمیت صوبہ خیبر پختونخوا کے تمام اضلاع میں 3 روزہ انسداد پولیو مہم کے دوران 17 ہزار 7 سو 66 ٹیموں کے ذریعے 56 لاکھ بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔

ضلع مالا کنڈ میں سخت سیکیورٹی انتظامات میں 1 لاکھ 3 ہزار بچوں کو حفاظتی قطرے پلائے جائیں گے۔ ضلع میں 28 میں سے 11 یونین کونسل کو حساس قرار دیا گیا ہے۔

عوامی پارکس، ریلوے اسٹیشنز، بس اور ویگن اسٹینڈز، ہوائی اڈوں اور ٹرانزٹ پوائنٹس پر بھی خصوصی کاؤنٹرز قائم کیے گئے ہیں تاکہ کوئی بچہ بھی پولیو قطروں سے محروم نہ رہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ 2 سال میں پاکستان نے انسداد پولیو کے لیے نہایت بہترین اور منظم اقدامات اٹھائے ہیں جن کے باعث ان 2 سالوں میں پولیو کیسز کی شرح میں خاصی کمی آئی ہے۔ 2014 میں پاکستان میں 306 کیسز منظر عام پر آئے تھے جبکہ 2016 میں یہ تعداد گھٹ کر صرف 20 تک آگئی۔