26-07-2017

 اسلا م آباد ہائی کورٹ نے چیئرمین پی ایس ایل نجم سیٹھی کو تین سال کیلئے پی سی بی کے بورڈ آف گورنرز کا ممبر نامزد کرنے کے خلاف دائر رٹ پر فریقین کو پری ایڈمیشن نوٹس جاری کردیئے ہیں۔

 دائر رٹ میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ  چیئرمین پی سی بی کے انتخابات روک کر نجم سیٹھی کا نام ای سی ایل میں ڈالا جائے،پاکستان کرکٹ بورڈ اور پی ایس ایل میں مالی بے ضابطگیوں میں ملوث نجم سیٹھی اچھی شہرت کے حامل نہیں۔ نیب اور ایف آئی اے کو حکم جاری کیا جائے کہ وہ پی سی بی اور پی ایس ایل میں ہونے والی مالی بے قاعدگیوں اور بے ضابطگیوں کی انکوائری کرے۔درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی مس مینجمنٹ کے باعث کرکٹ کو نقصان پہنچ رہا ہے جس سے دنیا میں پاکستان کی جگ ہنسائی ہو رہی ہے۔