21-03-2017

چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے بنی گالہ کے علاقہ میں واقع بناتاتی باغ میں وسیع پیمانے پر کی گئی تجاوزات کے حوالے سے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی درخواست پر از خود نوٹس لیتے ہوئے سی ڈی اے حکام سے دس روز کے اندر اندر تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے ۔

ترجمان سپریم کورٹ کے مطابق عمران خان نے اپنی درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ متعلقہ حکام کی فرائض سے غفلت اور چشم پوشی کی وجہ سے نباتاتی باغ  میں تجاوزات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے لیکن سی ڈی اے حکام نے اس پر اپنی آنکھیں بند کر رکھی ہے جس کی وجہ سے نہ صرف اس کا حجم سمٹ رہا ہے بلکہ درختوں کی بڑے پیمانے پر کٹائی کے باعث ہماری آئندہ نسلوں کےلئے ماحولیات کے حوالہ سے خطرات پیدا کئے جا رہے ہیں ۔اسی طرح بنی گالہ کے علاقہ میں نکاسی آب کا بھی کوئی انتظام کئے بغیر  کثیر المنزلہ عمارتیں اور پلازے تعمیر کئے جا رہے ہیں اور یہ ساری تعمیرات کسی منصوبہ بندی کے بغیر بنائی جا رہی ہے جس سے مزید مشکلات سامنے آئیں گی ۔

ترجمان سپریم کورٹ کے مطابق چیف جسٹس پاکستان نے درخواست کا از خود نوٹس لیتے ہوئے سی ڈی اے حکام کو نوٹس جاری کرکے دس دنوں کے اندر اندر تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ۔