20-04-2017

چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے اسلام آباد ایئر پورٹ پر ایف آئی اے حکام کی جانب سے پاکستانی نژاد نارویجیئن خواتین پر تشدد کے واقعے کا از خود نوٹس لے لیا ہے ۔

ترجمان سپریم کورٹ کے مطابق چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار  نے اسلام آباد ایئرپورٹ پر ایف آئی اے حکام کی جانب سے خواتین کو تشدد کا نشانہ بنانے کی ذرائع ابلاغ میں شائع ہونے والی خبروں پر ازخود نوٹس لیتے ہوئے سیکرٹری داخلہ اور  سیکرٹری سول ایوی ایشن سے تین روز رپورٹ طلب کر لی  ہے۔

واضح رہے کہ چند روز قبل اسلام آباد ایئر پورٹ پر ناروے جانے والی 2 خواتین مسافروں کی انٹرنیشل لاؤئج کے امیگریشن کاؤنٹر پر تعینات خاتون اہلکار غزالہ شاہین کی کسی بات پر تلخ کلامی ہوئی جس پر خاتون اہلکار نے دونوں خواتین کو تشدد کا نشانہ بنایا اور پھر بعد  میں  ان کے پاسپورٹ ضبط کرکے زبردستی صلح نامے پر دستخط کر وائی اور اس کے بعد ان  خواتین کو جانے کی اجازت دی گئی۔