16-05-2017

چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے سندھ کے علاقے نواب شاہ میں بارہ سالہ بہری بچی سے زیادتی کے واقعہ کا از خود نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ سے رپورٹ طلب کر لی ہے ۔

ترجمان سپریم کورٹ کے مطابق چیف جسٹس پاکستان نے میڈیا رپورٹ پر یہ از خود نوٹس لیا جس میں کہا گیا تھا کہ سندھ کے علاقے نواب شاہ میں بارہ سالہ بہری بچی کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا ہے ،رپورٹ میں متاثرہ بچی کے والدین نے چیف جسٹس پاکستان سے واقعہ کا از خود نوٹس لینے کا مطالبہ کیا تھا ۔جس پر فاضل چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے از خود نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ سے ایک ہفتے میں رپورٹ طلب کر لی ہے۔

یاد رہے کہ چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے گیارہ مئی کو بھی سندھ کے ضلع کشمہور سے تعلق رکھنے والی بارہ سالہ گھریلو ملازمہ کو کراچی میں اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنانے کے واقعہ کا بھی ازخود نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ سے ایک ہفتے میں رپورٹ طلب کی تھی ۔