21-08-2017

چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں  ثاقب نثار نے ڈاکٹر رتھ فاؤ کو خراج تحسین پیش کیا اور ان کی خدمات کو سراہا۔

سپریم کورٹ کے ترجمان کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق چیف جسٹس پاکستان جسٹس  میاں ثاقب نثار نے کہا کہ ڈاکٹر رتھ فاؤ نے پوری زندگی پاکستان میں جذام کے مریضوں کی خدمت کی۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر رتھ فاؤ جیسی شخصیت صدیوں میں پیدا ہوتی ہیں، ڈاکٹر رتھ فاؤ کے انتقال سے خلا پیدا ہوگیا ہے جسے پُر کرنا مشکل ہوگا۔

چیف جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ ڈاکٹر رتھ فاؤ کے باعث  جذام کے ہزاروں مریضوں کی زندگی تبدیل ہوگئی اور ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

واضح رہے کہ ڈاکٹر رتھ فاؤ کے انتقال کے بعد انہیں قومی اعزاز کے ساتھ کراچی کے مسیحی (گورا) قبرستان میں سپرد خاک کیا گیا، وہ طویل علالت کے بعد 10 اگست کو انتقال کرگئی تھیں بعد میں  انہیں ان کی وصیت کے مطابق سپرد خاک کیا گیا۔