28-09-2017

چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے کراچی کی ہندو کمیونٹی کے گراونڈ کو لیاری ایکسپریس کے لئے لینے کے خلاف جمع کرائے گئے درخواست پر نوٹس لیتے ہوئے سندھ حکومت کے چیف سیکرٹری کو فوری طور پر ایکشن لے کر دو ہفتوں میں رپورٹ عدالت میں پیش کرنے کے احکامات جاری کردیئے ہیں۔

ترجمان سپریم کورٹ کے مطابق ہندو کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے درخواست گزار سیری رام ناتھ نے اپنے درخواست میں موقف اپنایا کہ سند ھ حکومت نے ہندو کمیونٹی کی اراضی کو لیاری ایکسپریس کے لئے دو ہزار آٹھ میں حاصل کی تھی تاہم نہ تو انہیں متبادل جگہ فراہم کی گئی اور نہ ہی گزشتہ نو سالوں سے انہیں معاوضہ ادا کیا جا رہا ہے جس کے باعث ہندو برادری کو اپنے رسومات کی ادائیگی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ ترجمان کے مطابق چیف جسٹس پاکستان نے درخواست کا نوٹس لیتے ہوئے چیف سیکرٹری سندھ کو فوری طور پر اس معاملے پر ایکشن لے کر اس کی جامع رپورٹ دو ہفتوں کے اندر اندر عدالت میں پیش کرنے کے احکامات جاری کردیئے ۔