16-06-2017

چیمپئنز ٹرافی کا فائنل مقابلہ اتوار کو روایتی  حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان ہوگا۔

پاکستان کی کرکٹ ٹیم نے انگلینڈ کو شکست دے کر  فائنل کے لئے کوالیفائی کیا تھا  جبکہ بھارتی ٹیم نے  بنگلہ دیش کو 9 وکٹ سے ہرایا۔

دوسری طرف انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے چیمپئنز ٹرافی 2017 کی فاتح اور شکست خوردہ ٹیموں کو انعامی رقموں کی تفصیلات جاری کردی ہیں ۔آئی سی سی کی جانب سے اس ایونٹ میں شریک تمام آٹھوں ٹیموں میں مجموعی طور پر 45 لاکھ ڈالر تقسیم کیے جائیں گے جو کہ پاکستانی روپوں میں 47 کروڑ روپے سے زائد بنتے ہیں۔چیمپئنز ٹرافی کے فائنل کےفاتح ٹیم کو  22 لاکھ ڈالر کی خطیر رقم دی جائے گی جبکہ فائنل میچ میں شکست کھانے والی ٹیم کو 11 لاکھ ڈالر دیئے جائیں گے جو مجموعی انعامی رقم کا نصف ہے۔ سیمی فائنلز تک پہنچنے والی انگلینڈ اور بنگلا دیش کی ٹیموں کو 4 لاکھ 50 ہزار ڈالر کی انعامی رقم  اور گروپ اسٹیجز میں تیسری پوزیشن پر آنے والی آسٹریلیا اور جنوبی افریقا 90 ، 90 ہزار ڈالر  جبکہ  چیمپئنز ٹرافی کے دونوں گروپوں میں سب سے آخری نمبر پر آنے والی نیوزی لینڈ اور سری لنکا کی ٹیموں کو 60، 60 ہزار ڈالر دیئے جائیں گے۔