03-07-2017

اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیمپئینز ٹرافی جیتنے والی قومی کرکٹ ٹیم کو وزیراعظم پاکستان  کی جانب سے انعامی رقم دینے کا اعلان چیلنج کردیا گیا ہے۔

درخواست گزار کی جانب سے عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ 22 کروڑ کی خطیر رقم ٹیکس کے پیسے سے کیوں بانٹی جارہی ہے، کھلاڑی تنخواہ اور دیگر میچ فیس بھی لیتے ہیں لہذا عدالت معاملے پر حکم امتناع جاری کرے اور وزیراعظم کو ٹیکس کا پیسہ بانٹنے سے روکے۔

اسلام آبادہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق نے درخواست کی سماعت کے موقع پر استفسار کیا کہ بتایا جائے وزیراعظم کس قانون کے تحت کتنی رقم کھلاڑیوں کو دے سکتے ہیں، عدالت نے رقم دینے سے متعلق ڈپٹی اٹارنی جنرل سے قانونی معاونت طلب کرلی اور متعلقہ قوانین پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے درخواست کی سماعت کل تک ملتوی کردی ہے۔

واضح رہے کہ وزیراعظم نوازشریف نے چیمپئنز ٹرافی جیتنے والی قومی ٹیم کے ہر کھلاڑی کے لئےایک ایک کروڑ روپے انعام کا اعلان کیا ہے۔