13-04-2017

پشاور ہائی کورٹ نے ڈائریکٹر جنرل پی ڈی اے سلیم وٹو سمیت دیگر افسروں کو پلاٹوں کی الاٹمنٹ کے خلاف دائر رٹ پر  درخواست گزار سے جواب الجواب طلب کر لیا ہے ۔

جسٹس مسرت ہلالی اورجسٹس محمد یونس تہیم پر مشتمل دو رکنی بنچ نے پی ڈی اے آفیسر ویلفیئر ایسوسی ایشن کی جانب سے دائر رٹ درخواست کی سماعت کی ۔

اس موقع پر ڈی جی پی ڈی اے کے وکیل نے رٹ پر جواب داخل کرتے ہوئے موقف اپنایا کہ پلاٹوں کی الاٹمنٹ سے متعلق پالیسی کے تحت ڈی جی پی ڈی اے کو جو پلاٹ الاٹ ہوا ہے وہ پہلے سے موجود تھا اور نیا نہیں بنایا گیا جبکہ درخواست گزار اعجاز افضل خان آفیسرز ایسوسی ایشن کا منتخب صدر نہیں ہے اور درخواست گزار کو رٹ پٹیشن دائر کرنے کا اختیار حاصل نہیں ہے اور عائد الزامات میں کوئی صداقت نہیں۔

فاضل عدالت نے درخواست گزار سے جواب الجواب طلب کرتے ہوئے سماعت پچیس اپریل تک ملتوی کردی ۔