18-08-2017

پشاور میں ڈینگی مرض کے وبائی صورتحال اختیار کرنے کے باعث پشاور کے دو بڑے ہسپتالوں خیبر ٹیچنگ ہسپتال اور حیات آباد میڈیکل کمپلیکس نے متاثرہ مریضوں کےلئے ادویات سمیت تمام پیتھالوجی ٹیسٹ و سکریننگ کی سہولت مفت کردی ہے تاہم رپورٹس کے مطابق لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں تاحال ڈینگی سے متاثرہ مریضوں سے باضابطہ چارجز و صول کئے جا رہے ہیں ۔

رپورٹس کے مطابق خیبر ٹیچنگ ہسپتال میں جولائی دو ہزار سترہ سے  اب تک چار ہزار تین سو بیس مریضوں کی سکریننگ کی گئی جس میں چھ سو ننانوے افراد ڈینگی کا شکار پائے گئے جبکہ ہسپتال میں تین سو پچیس داخل مریضوں میں اب تک دو سو کو صحت یابی کے بعد فارغ کر دیا گیا ہے اور اب بھی ایک سو بیس مریض ہسپتال کے مختلف یونٹس میں زیر علاج ہیں ۔ دوسری طرف حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں جنوری دو ہزار سترہ سے تیس مریضوں کو لایا گیا جس میں دس مریض زیر علاج ہیں ان مریضوں کو پرائیویٹ کمروں میں آئسولیشن یونٹ قائم کرنے کے ساتھ ساتھ تمام تر طبی علاج و سکریننگ اور ٹیسٹوں کو مفت کردیا گیا ہے