04-08-2017

پشاور ہائی کورٹ نے کوہاٹ ڈینٹل کالج میں طلباء کے داخلے روکنے کے پی ایم ڈی سی کے احکامات معطل کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا ہے ۔

جسٹس اکرام اللہ خان اور جسٹس لعل جان خٹک پر مشتمل د ورکنی بنچ نے خیبر میڈیکل یونیورسٹی کی جانب سے دائر رٹ درخواست کی سماعت کی جس میں عدالت کوبتایا گیا کہ خیبر میڈیکل یونیورسٹی کے کوہاٹ ڈینٹل کالج کے لئے چار سال سے پی ایم ڈی سی کے ساتھ رجسٹریشن کا عمل جاری ہے اور پی ایم ڈی سی نے منظوری دے کر نیشنل ہیلتھ سروسز یعنی وزارت صحت کو رجسٹریشن کا کہا تاہم وزارت صحت رجسٹریشن کا اعلامیہ جاری نہیں کر رہی اور اس ضمن میں پشاور ہائی کورٹ نے دائر رٹ پر پہلے ہی نوٹس جاری کر رکھا ہے جبکہ پی ایم ڈی سی نے چھ اپریل کو ایک لیٹر کے ذریعے کوہاٹ ڈینٹل کالج میں طلباء کے داخلوں کو روک دیا ہے ۔ جس کے باعث طلباء کا سال ضائع ہونے کا خدشہ ہے ۔

عدالت نے ابتدائی دلائل کے بعد کالج میں داخلوں کی اجازت دے دی اور پی ایم ڈی سی کے احکامات معطل کردیئے ۔