06-10-2017

پشاور ہائی کورٹ کے گرین بنچ نے ادارہ تحفظ ماحولیات کے ڈائریکٹر جنرل کو حکم دیا ہے کہ وہ پشاور کے علاقہ گلبہار نمبر چار میں قائم ہونے والے ڈمپنگ یارڈ کا دورہ کرکے عدالت میں رپورٹ پیش کریں ۔

چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ جسٹس یحیی آفریدی  اور جسٹس  محمد غضنفر  خان پر مشتمل دو  رکنی گرین بنچ نے گلبہار ڈمپنگ یارڈ کے خلاف دائر رٹ درخواستوں کی سماعت کی جس میں عدالت کوتبایا گیا کہ قائم ڈمپنگ یارڈ میں شہر بھر کے فضلے اور دیگر گندگی کو لا کر جلایا جاتا ہے جبکہ دنیا بھر میں پشاور ماحولیاتی آلودگی میں دوسرے نمبر پر ہے اور اگر بڑھتی ہوئی آلودگی روکنے کےلئے اقدامات نہ کئے گئے تو اس کے خطرناک نتائج سامنے آئیں گے اور پشاور بیماریوں کا گڑھ بن جائے گا ۔فاضل عدالت نے ادارہ تحفظ ماحولیات کو حکم دیا کہ وہ ڈمپنگ یارڈ کا دورہ کرکے اس کی رپورٹ عدالت میں بارہ اکتوبر سے قبل پیش کرے ۔