09-03-2017

سپریم کورٹ نے یوٹیلٹی سٹوروں پر غیر معیاری گھی اور کوکنگ آئل کی فروخت کے خلاف از خود نوٹس کیس کی سماعت کرتے ہوئے ایم ڈی یوٹیلٹی سٹورز کو چودہ اپریل تک ملک بھر کے یوٹیلٹی سٹوروں سے غیر معیاری گھی اور کوکنگ آئل کا سٹاک ختم کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں اور انہیں ہدایت کی ہے کہ وہ آئندہ سماعت پر اس حوالے سے مفصل رپورٹ عدالت میں پیش کریں ۔

چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار  کی سربراہی میں جسٹس مقبول باقر اور جسٹس فیصل عرب پر مشتمل سپریم کورٹ کے تین رکنی بنچ نے از خود نوٹس کیس کی سماعت کی ۔

دوران سماعت ایم ڈی یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن عدالت میں پیش ہوئے اور رپورٹ پیش کی کہ یوٹیلٹی سٹوروں پر غیر معیاری گھی اور کوکنگ آئل کی فروخت روک دی گئی ہے جبکہ عدالت سے استدعا ہے کہ انہیں کنفرم گھی اور کوکنگ آئل فروخت کرنے کی اجازت دی جائے ۔

عدالت نے ایم ڈی یوٹیلٹی سٹورز کو چودہ اپریل تک ملک بھر کے یوٹیلٹی سٹوروں سے غیر معیاری گھی اور کوکنگ آئل کا سٹاک ختم  کرکے آئندہ سماعت پر اس حوالے سے مفصل رپورٹ عدالت میں پیش  کرنے کے احکامات جاری کردیئے ۔