27-02-2017

سپریم کورٹ آزاد جموں کشمیر  کے 12 ویں چیف جسٹس کی حیثیت سے حلف اٹھانے کے بعد اپنے پہلے خطاب میں چیف جسٹس چودھری محمد ابراہیم ضیا نے کہا ہے کہ کسی قسم کی غفلت، لاپرواہی، بددیانتی اور سرکاری املاک کا نقصان برداشت نہیں کیا جائے گا۔  ان کا کہنا تھا کہ سرکاری ملازمین اپنے فرائض پوری محنت، دیانت، خلوص نیت، لگن اور ذاتی پسند ناپسند سے بالاتر ہو کر انجام دیں۔

چیف جسٹس سپریم کورٹ  آزاد جموں و کشمیر نے کہا کہ  علاقائی، لسانی اور گروہی تعصبات سے بالاتر ہو کر ملت اسلامیہ کے فرد کی حیثیت سے اپنے فرائض کی بجا آوری یقینی بنائیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ آزاد جموں وکشمیر سپریم کورٹ کے تمام ملازمین کیلئے نماز کی پابندی سے ادائیگی لازمی ہے۔

خیال رہے کہ چیف جسٹس چودھری محمد ابراہیم ضیا نے آزاد جموں وکشمیر کے 12ویں چیف جسٹس کی حیثیت سے حلف اٹھایا ہے۔