15-05-2018

اسٹریٹ چلڈرن فٹ بال ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم کی شاندار کارکردگی کا سلسلہ جاری ہے اور ایونٹ کے سیمی فائنل میں قومی ٹیم نے انڈونیشیا کو شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے جہاں اس کا مقابلہ ازبکستان سے ہو گا۔

روس کے شہر ماسکو میں جاری اسٹریٹ چلڈرن فٹ بال ورلڈکپ میں قومی ٹیم نے شاندار کارکردگی کا سلسلہ برقرار رکھتے ہوئے فائنل میں جگہ بنا لی۔

پاکستان نے کوارٹر فائنل میں تاجکستان کو 2-0 سے مات دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کیا تھا۔ایونٹ کے سیمی فائنل میں پاکستان کا مقابلہ انڈونیشیا سے تھا اورنو عمر کھلاڑیوں نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پینالٹیز پر 4 کے مقابلے میں 5 گول سے کامیابی سمیٹ کر فائنل میں جگہ بنا لی۔

اسٹریٹ چلڈرن فٹ بال ورلڈ کپ کے فائنل میں پاکستان کا مقابلہ کل  16 مئی کو ازبکستان سے ہوگا۔