06-04-2018

پشاور ہائی کورٹ اقلیتی رکن خیبر پختونخوا اسمبلی بلدیو کمار سے حلف نہ لینے کے اقدام پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سپیکر صوبائی اسمبلی سے ان سے حلف لینے کےلئے ان کے دوبارہ پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کے احکامات جاری کردیئے اور فریقین کو نوٹس جاری کرکے جواب طلب کرلیا ہے ۔

جسٹس قلندرعلی خان اورجسٹس محمد ایوب خان پر مشتمل د ورکنی بنچ نے بلدیو کمار کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت کی جس میں عدالت کوبتایا گیا کہ صوبائی اسمبلی کے سیشن میں صرف ایک ماہ باقی رہ گیا ہے اور عدالتی حکم کے باوجود درخواست گزار بلدیو کمار سے حلف نہیں لیا جا رہا ہے اور ایک سوچھی سمجھی سازش کے تحت اس سے بطور رکن صوبائی اسمبلی حلف اٹھانے سے روکا جا رہا ہے ۔

عدالت کوبتایا گیا کہ سپیکر صوبائی اسمبلی نےدرخواست گزار کو حلف کےلئے بلایا تھا تاہم ارکان اسمبلی نے واک آوٹ کیا جس کے باعث ان سے حلف نہ لیا جا سکا ۔

عدالت نے حکم دیا کہ اب دوبارہ درخواست گزار کے پروڈکشن آرڈر جاری کرکے ان سے بطور رکن اسمبلی حلف لیا جائے ۔