03-11-2017

خیبر پختونخوا جوڈیشل اکیڈمی پشاور میں جوڈیشل افسران کے لئے سائبر کرائم کے موضوع پر دو روزہ خصوصی تربیتی پروگرام مکمل ہو گیا ہے۔

یو این ڈی پی اور ایس آر ایل پی کے تعاون سے سائبر کرائم کے موضوع پر منعقد ہونے والے دو روزہ تربیتی پروگرام میں صوبے کے مختلف اضلاع میں تعینات ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز سمیت سول ججز کم جوڈیشل مجسٹریٹس شریک ہوئے۔

اختتامی تقریب سے اپنے خطاب میں سینئر ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن خیبر پختونخوا جوڈیشل اکیڈمی محمدآصف  خان نے شرکاء کو  سائبر کرائم کے موضوع پر منعقدہ خصوصی تربیتی پروگرام مکمل کرنے پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ یو این ڈی پی اور  ایس آر ایل پی کے تعاون سے جوڈیشل اکیڈمی متعدد موضوعات پر صوبے کے جوڈیشل افسران کےلئے خصوصی تربیتی کورسز کےلئے ٹریننگ پروگرامز منعقد کر رہی ہے اور سائبر کرائم کے موضوع پر اس سے قبل بھی خصوصی تربیتی پروگرامز منعقد کر چکی ہے  جبکہ آئندہ بھی یہ سلسلہ جاری رہے گا۔

انہوں نے  اس امید کا اظہار کیا کہ اس تربیتی پروگرام سے شرکاء کے علم میں اضافے کے ساتھ ساتھ ان کے پیشہ وارانہ صلاحیتوں میں بھی اضافہ ہوگا۔

تقریب کے اختتام پر شرکاء میں اسناد بھی تقسیم کی گئیں۔