12-04-2018

الیکشن کمیشن پاکستان نے عام انتخابات کے پیش نظر سرکاری اداروں میں بھرتیوں پر پابندی عائد کردی جبکہ یکم اپریل کے بعد منظور ہونے والی ترقیاتی اسکیموں پر عملدرآمد بھی روکنے کا حکم  دے دیا ہے ۔

الیکشن کمیشن پاکستان  کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وفاقی، صوبائی اور مقامی حکومتوں کے اداروں میں بھرتیوں پرپابندی ہوگی جس کا اطلاق یکم اپریل 2018ء سے ہوگا تاہم  فیصلے کا اطلاق وفاقی اور صوبائی پبلک سروس کمیشن کے تحت ہونے والی بھرتیوں پرنہیں ہوگا۔

الیکشن کمیشن نے یکم اپریل کے بعد سے منظور ترقیاتی اسکیوں پر عملدرآمد بھی روکنے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ پہلے سے جاری ترقیاتی منصوبوں کے فنڈز کسی دوسری مد میں منتقل نہ کئے جائیں۔

الیکشن کمیشن کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ حکم نامہ آئندہ انتخابات کو شفاف اور آزادانہ بنانے کے لئے جاری کیا گیا ہے۔