20-04-2018

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ موجودہ اسمبلیوں کی مدت 5 جون 2018 کو مکمل ہوگی اور عام انتخابات جولائی 2018 تک ہونے کا امکان ہے۔

الیکشن کمیشن کے زیر اہتمام عام انتخابات 2018 کی تیاریوں سے متعلق میڈیا ورکشاپ کا انعقاد ہوا جس میں الیکشن کمیشن کے حکام  کا کہنا تھا کہ الیکشن ایکٹ 2017 سے مالی اور انتظامی خودمختاری ملی ہے، آئندہ عام انتخابات کے لیے انتخابی مواد کی خریداری کا عمل جاری ہے اور آئندہ عام انتخابات میں اضافی بیلٹ پیپرز نہیں چھاپے جائیں گے۔

الیکشن کمیشن حکام کے مطابق موجودہ اسمبلیوں کی مدت 5 جون 2018 کو مکمل ہوگی اور عام انتخابات جولائی 2018 تک ہونے کا امکان ہے جب کہ آئین کے تحت اسمبلیوں کی مدت ختم ہونے کے بعد 2 ماہ کے اندر انتخابات کرانا ہیں، 5 مئی 2018 کو انتخابی فہرستیں منجمد کردی جائیں گی تاہم 5 مئی کے بعد انتخابی فہرستوں میں کسی ووٹر کو شامل نہیں کیا جائے گا۔