13-10-2017

لاہور ہائی کورٹ نے پرائیوٹ سکولز کی فیسوں میں اضافے  پرسکولوں کو جاری شوکاز نوٹسز کے خلاف اپیل پر پنجاب حکومت کو نوٹس جاری کردیئے ہیں۔

لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس عابد عزیز شیخ کی سربراہی میں 3رکنی بنچ نے پرائیوٹ سکولز کی اپیل پر سماعت کی جس میں فیسوں میں اضافے پر پنجاب حکومت کے شوکاز نوٹسز کو چیلنج کیا گیا ہے۔پرائیوٹ سکولز کے وکلا نے دلائل دیے کہ فیسوں میں اضافہ کی حد حکومت مقرر نہیں کر سکتی‘ لیکن اس کے باوجود پنجاب حکومت نے زیادہ سے زیادہ اضافے کی حد 8 فیصد مقرر کر دی جبکہ سکولز کے اخراجات پورے کرنے کیلئے فیس میں اضافہ کیا گیا ہے۔

 پنجاب حکومت کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ حد اس لیے مقرر کی گئی ہے کہ سکولز نے پچھلے سال 30 فیصد تک اضافے کیے۔ طلبا کے وکیل نے  موقف اپنایا کہ آئین میں تعلیم مفت دینے کا کہا گیا ہے‘ اس کو کاروبار نہیں بنایا جاسکتا لہذا اضافہ کالعدم قرار دیا جائے ۔

عدالت نے پنجاب حکومت کو نوٹس جاری کرتے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی۔